پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی اور صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں غیر اعلانیہ آپریشن کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ حکومت نے بعض علاقوں میں نقل مکانی کرنے والے افراد کے داخلے پر پابندی بھی عائد کردی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہنگو کے علاقے شاہو خیل میں چار دن پہلے سکیورٹی فورسز نے مشتبہ عسکریت پسندوں کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کی وجہ سے شاہو خیل اور اورکزئی ایجنسی کے بعض علاقوں سے ہزاروں لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پچھلے چند دنوں سے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور بھاری توپ خانے سے شدت پسندوں کے پناہ گاہوں اور مراکز پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے شاہو خیل اور اورکزئی ایجنسی کے علاقوں غلجو، ڈبوری، ماموں زئی، شاہو خیل اور دیگر دیہاتی مقامات پر ہزاروں افراد بے گھر ہوکر محفوظ مقامات کی طرف مننتقل ہو رہے ہیں۔ زیادہ تر بمباری اور شیلنگ میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں عام باشندے بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ شہر مقامات پر بمباری کی وجہ سے مقامی افراد وہاں سے بھاگ رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کو ہنگو شہر اور کوہاٹ کی طرف جانے اور رہنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ان کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ اس علاقے میں بیت اللہ گروپ کے طالبان کا اثررسوخ زیادہ بتایا جاتا ہے۔ یہاں شعیہ سنی فسادات بھی ہوتے رہے ہیں جس کی وجہ سے اہل تشیع یہ علاقہ چھوڑ کر دیگر شہروں میں آباد ہوگئے ہیں۔چند ہفتے قبل یہاں شدت پسندوں نے اہل تشیع کے چالیس سے زائد مقامات کو بم دھماکوں میں تباہ کردیا تھا۔
0 comments: on "غیر اعلانیہ آپریشن:ہزاروں افراد کی نقل مکانی"
Post a Comment