Wednesday, November 25, 2009

وویک اور سلمان خان میں باقاعدہ تصادم شروع

ممبئی : بالی وڈ اسٹار وویک اوبرائے نے سلمان خان سے مزید دوستی کی درخواست نہ کرنے کافیصلہ کرلیا۔وویک ، سلمان خان کے خلاف پریس کانفرنس کے بعد متعدد بار ان سے معافی مانگ چکے ہیں لیکن سلو نے انہیں معاف نہ کیاجس کے بعد وویک نے ان سے مزید دوستی کی درخواست نہ کرنے کے فیصلے کے ساتھ تصادم کا بھی اشارہ بھی دیا۔ ایک شو کے دوران وویک اوبرائے نے سلمان خان کے ساتھ کشیدگی کے بارے میں بھی کھل کربتایا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خان کی جانب سے مجھے ایڈیٹ کہا گیا جسے میں نے اپنے لئے دعا کے طور پر لیاکیوں کہ تین ایڈیٹس کے ساتھ چوتھا میں بھی بنناچاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھاکہ میں لڑنا جانتا ہوں اور مجھے پتا ہے کہ حریف کاکو کیسے قابو کیا جاتا ہے، میدان میں سامنے والے کی جسامت نہیں دیکھی جاتی بلکہ جوپہلے وار کرتا ہے وہی کامیاب ہوتا ہے
read more...

فرانسیسی خاتون اول کارلا برونئی ہالی وڈ میں کام کرینگ

پیرس : فرانس کی خاتون اول اور سابق ماڈل کارلا برونئی نے ہالی وڈ میں کام کرنے کی پیش کش قبول کرلی۔ ایک غیر ملکی نجی چینل پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فرانسیسی خاتون اول نے کہا کہ انہیں ہالی ووڈ میں ایک فلم کی پیشکش ہوئی ہے، جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔ بیالیس سالہ کارلا کا کہنا ہے کہ وہ اداکاری سے ناواقف ہیں لیکن فلم کی کامیابی کیلئے پوری کوشش کریں گی۔ ان کے مطابق جب وہ نانی اور دادی بنیں گی تو اپنے بچوں کے بچوں کو بتا سکیں گی کہ انہوں نے ہالی ووڈ میں ووڈی ایلین کی فلم میں کام کیا ہے
link...
read more...

کراچی:غیر ملکی کمپنیوں کے منافع میں کمی

کراچی : رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران غیرملکی کمپنیوں کے منافع میں27 اعشاریہ 5 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2009ءکے دوران غیرملکی کمپنیوں نے 20 کروڑ ڈالر کا منافع اپنے وطن ارسال کیا۔ گزشتہ سال اس مدت میں 27 کروڑ 67 لاکھ ڈالر ترسیل کئے گئے تھے۔ شوگر انڈسٹری کے منافع میں سب سے زیادہ 1 سو78فیصد اضافہ ہوا۔کیمیکل انڈسٹری کا171 فیصد، ٹیکسٹائل انڈسٹری کا 118 فیصد اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری کا منافع 106 فیصد بڑھ گیا تاہم پیٹرولیم ریفائنریز کا منافع 90 فیصد، فوڈ پیکیجنگ انڈسٹری کا 70 فیصد، ادویہ ساز کمپنیوں کا60 فیصد اور فرٹیلائزر سیکٹر کا منافع 49 فیصد کم ہوگیا
read more...

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل

سنگاپور : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 76 ڈالر فی بیرل ہوگئیں۔ بدھ کو لائٹ سویٹ خام تیل کے مستقبل کیلئے سودے 7 سینٹ کمی سے 75.95 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے، برینٹ نارتھ خام تیل کے آئندہ برس جنوری کیلئے سودے 12 سینٹ اضافہ کےساتھ 76.58 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔ تیل کی تلاش اور تجزیہ کرنے والی 10 عالمی تنظیموں نے کہا ہے کہ آئندہ برس معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے تیل کی یومیہ طلب میں 13 لاکھ بیرل اضافہ کے امکانات ہیں۔ دوسری طرف تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک نے تیل کی حالیہ قیمتوں کو موزوں قرار دیا ہے اور تیل کی پیداوار میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے
link...
read more...

ارجنٹائن: فٹبال میچ، جھڑپیں،30 افراد زخمی

بیونس آئرس: ارجنٹائن میں فٹ بال میچوں کے دوران پولیس اورشائقین کے درمیان جھڑپوں میں تیس افراد زخمی ہوگئے۔ ارجنٹائن کے شہربیونس آئرس میں نیویلزاولڈ بوائزاور روز اریو سینٹرل کلب کے درمیان کھیلے جانیوالے میچ سے قبل ہنگامہ آرائی کا آغازاس وقت ہوا جب روزاریوسینٹرل کے سپورٹرزجعلی ٹکٹوں پر اسٹیڈیم میں داخل ہوئے اورانہوں نے جگہ کے حصول کیلئے مقامی شائقین پرحملہ کردیا۔ پولیس نے تماشائیوں پرربرکی گولیاں فائرکیں جس سے کئی افرادزخمی ہوگئے جبکہ دس کوگرفتارکرلیا گیا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جب گراو?نڈمیں آئے تواسٹینڈزمیں سے اولڈبوائزکی ٹیم کے گول کیپرپابلومیگلیور پرچاقوبھی پھینکاگیا۔ اس سے قبل ہفتے کوبیونس آئرس میں ہی دومقامی کلبس کے درمیان کھیلے جانیوالے میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے مداحوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کی وجہ سے میچ آدھے گھنٹے تاخیرسے شروع ہوا۔ پولیس نے تماشائیوں کومنتشرکرنے کیلئے آنسوگیس استعمال کی جس سے بیس افرادزخمی ہوئے جبکہ دوکوگرفتارکرلیا گیا
link...

read more...

سکواش: میتھیو نے قطراوپن ٹائٹل جیت لیا

دوہا: ٹاپ سیڈ مصری کھلاڑی کریم درویش قطر اسکواش اوپن کے فائنل میں انگلینڈ کے نک میتھیو کے ہاتھوں حیران کن شکست کھا گئے۔ پیر کو قطر کے شہر دوحا میں کھیلی جانے والی چیپمئن شپ میں نمبر چار سیڈ انگلینڈ کے نک میتھیو نے ٹاپ سیڈ کریم درویش کو شکست دینے کیلئے صرف 23 منٹ کا وقت لیا۔ اس میچ میں میتھیو نے 11-5، 11-3 اور 11-3 سے شکست دی۔ چیمپئن شپ میں عالمی نمبر دو فرانس کے گریگری گولٹیئر کو حیران کن شکست دینے والے ٹاپ پاکستانی کھلاڑی عامر اطلس خان اپنی پیش قدمی کوارٹر فائنل تک جاری رکھ سکے۔ خواتین مقابلوں کے فائنل میں بھی انگلینڈ کی جینی ڈنکالف نے بھی حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر دو سیڈ آسٹریلیا کی رشائل گرنہام کو شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا
read more...

پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے 7جنوری تک آئی پی ایل دروازے کھلے

لاہور:آئی پی ایل کے کمشنرللت مودی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی سات جنوری تک آئی پی ایل جوائن کرسکتے ہیں ۔للت مودی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے آئی پی ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلئے انٹری تاریخ بڑھاکر سات جنوری کردی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑی ویزہ حاصل کرکے اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرسکتے ہیں۔دوسری جانب حکومت پاکستان کی جانب سے پی سی بی کو تاحال کھلاڑیوں کو بھارت جانے یا نہ جانے کی اجازت نہیں ملی جس کے بعد وزارت کھیل نے وزرات داخلہ اور خارجہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ کھلاڑیوں کو بھارت جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ کرکٹ کھیل سکیں۔تاہم بھارتی حکومت پاکستان کے درمیان ایک بارپھرحالات کشیدہ ہونے پر کھلاڑیوں کو جانے سے روکنے کا بھی اندیشہ ہے تاہم تمام لوگوں کو حکومت پاکستان کے جواب کا انتظار ہے
link...
read more...

میکسیکن باکسر فرانسسکو راڈیگائز کا مقابلے کے دوران انتقال

فیلاڈیلفیا : میکسیکو کے باکسر فرانسسکو راڈریگائز مقابلے کے دوران اچانک انتقال کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیلا ڈیلفیا میں ہونے والے یو ایس باکسنگ ایسوسی ایشن ٹائٹل میں فرانسسکو کا مقابلہ ٹان کینڈی سے ہو رہا تھا کہ 10 ویں رانڈ میں فرانسکوبے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑے ۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے
read more...

بارودی سرنگوں پر پابندی کے معاہدے میں شمولیت سے انکار

واشنگٹن : امریکہ نے بارودی سرنگوں پر پابندی کے بین الاقوامی معاہدے میں شمولیت نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کے دوران رواں ہفتے کے آخر میں اِسی موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں امریکی وفدکے شرکت کرنے کی تصدیق کی ۔ 1997 میں منظور کئے جانے والے معاہدے کی توثیق امریکہ، چین اور روس سمیت چند اور ملکوں نے نہیں کی۔ اب تک اِس بین الاقوامی سمجھوتے پر 156ممالک نے دستخط کئے ہیں۔ بارودی سرنگوں پر مکمل پابندی کے سلسلے میں بین الاقوامی کانفرنس کولمبیا کے شہر کارٹا جینا میں آئندہ اتوار سے شروع ہو رہی ہے
link...
read more...

حملوں کی دھمکی کا زمانہ گذرچکا،احمدی نژاد


برازیلیہ : ایران کے صدر محمود احمدی نژادنے کہا ہے کہ حملوں اورفوجی کاروائیوں کی دھمکی کا زمانہ گذرچکا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق برازیلیہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حملہ اور فوجی دھمکی سیاسی طور پر پسماندہ افراد کی سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن جوہری توانائی سے استفادہ کرنا ایران اور برازیل کے عوام کا حق ہے اورقانون کے مطابق قوموں کے درمیان ایٹمی تعاون انجام پائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات میں فروغ کے سلسلے میں کسی بندش کا قائل نہیں ہے اورجہاں بھی ملک کے مفادات کاتقاضہ ہوگا باہمی تعاون انجام پائےگا
link...
read more...

بے قصور افراد کو رہا کردیا جائیگا،رحمن ملک

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہاہے کہ لاپتہ افراد کے متعلق ہمارے پاس ایک ہزار 11 افراد کی فہرست موجود ہے۔ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے اور بے قصور افراد کو رہا کردیا جائیگا، بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا۔ صوبہ میں اجرتی قاتلوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔ آنیوالے وقت میں بلوچستان میں بہت زیادہ خوش حالی دیکھ رہاہوں۔پیکیج پر براہمداغ بگٹی سے بات کرنے کی بجائے پارلیمنٹ جیسے مضبوط ادارے میںبات کی جائیگی ،بلوچستان میں حکومتی رٹ قائم ہے کہیں بھی کوئی اپنی مرضی کاقانون مسلط نہیں کرسکتا۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ ہماری حکومت قائم ہونے کے بعد لاپتہ افراد کا معاملہ ہمارے سامنے لایا گیا اور ان افراد کی بازیابی کیلئے9 اجلاس اب تک منعقد کئے جاچکے ہیں اور ہمارے پاس 6000 افراد نہیں بلکہ ایک ہزار گیارہ افراد کی فہرست موجود ہے جس میں سے بہت سے افراد کی شناخت ہوچکی ہے مزید ہمیں سپریم کورٹ سے بھی لاپتہ افراد لگا لیا جائیگا، وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل میں قید بے قصور اور سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے تمام افراد کو رہا کردیا جائیگا، اس سلسلے میں حکومت بلوچستان سے بات ہوگئی ہے۔ سنگین جرائم کے حامل افراد پر بھی مقدمات قائم ہونے کے بعد عدالتوں میں پیش کیاجائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں بار ہا کہہ چکا ہوں کہ بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت پیش آئی ہے۔ بلوچستان کے عوام اطمینان رکھیں۔ پیپلز پارٹی حکومت ایسا کوئی اقدام نہ اٹھائیگی، جس سے ملکی یا عوامی نقصان ہو رحمن ملک نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے جہاں فرنٹیئر کور منگوائی تھی وہاں بھیج دی گئی ہے اور ایسا صرف وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی درخواست پر کیا گیا اس کے علاوہ مچھ میں دو قبائلیوں کی آپس میں لڑائی کی وجہ سے وہاں فرنٹیئر کور تعینات کی گئی ہے تاکہ ان کے درمیان لڑائی ختم کرائی جائے۔ رحمن ملک نے کہا کہ آج ہمیں بلوچستان کے عوام اوردیگر اعلی افسران کے فون آرہے ہیں کہ اجرتی قاتلوں کا بندوست کیاجائے لہذا اس کیلئے بھی ہم نے بروقت اور مناسب اقدامات کر کے ان اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے جو زخمی کرنے کے الگ اور قتل کرنے کے الگ پیسے مانگتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں مکمل حکومتی رٹ قائم ہے اور بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے۔ کسی کو وہاں مرضی کا قانون مسلط نہیں کرنے دینگے اور نہ ہی ابھی تک کسی نے کوئی جرات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے وقتوں میں بلوچستان میں خوش حالی دیکھ رہا ہوں اور وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ امن وامان قائم ہوجائیگا اور یہاں کے عوام صرف اور صرف خوشحالی دیکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ براہمداغ بگٹی سے بلوچستان پر بات کرنے سے بہتر فورم پارلیمنٹ ہے ۔ یہاں عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز لی اور دی جاتی ہیں ۔ کسی فرد واحد سے صوبے بارے کوئی مشورہ نہیں لیا جاسکتا
read more...

بلوچستان پیکج مسائل کےحل کا آغاز ہے، صدرزرداری

اسلام آباد : صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان پیکج صوبوں کے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کا آغاز ہے، پیکج پر مکمل عملدرآمد کا عزم کرنا ہو گا۔ایوان صدر میں ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بلوچستان پیکج کے ذریعے حکومت اور اتحادی جماعتوں نے ایک نئی شروعات کا ماحول پیدا کیا ہے۔ عشائیے میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔ صدر نے بلوچستان پیکج پر پارلیمانی کمیٹی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ دسمبر دو ہزارچھ کو بے نظیر بھٹو شہید نے بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کا وعدہ کیا تھا اور آج یہ موقع ہم سب کے لئے بہت اطمینان بخش ہے۔ صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے ، اس میں قیادت کا جذبہ اور صلاحیت ہے اور وہ اس کا طریقہ بھی جانتی ہے
link...
read more...

نوابشاہ میں وزیراعظم سے نوازشریف کی ملاقا

نوابشاہ : نواب شاہ ائر پورٹ پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور میاں نواز شریف کی ملاقات میں ٍاحتساب بل پر تفصیلی گفت گو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور میاں نواز نواب شاہ ائر پورٹ کے وی آئی پی لاوئج میں 35 منٹ ملاقات جاری رہی جس میں دونوں رہ نماوں کے درمیان احتساب بل پر تفصیلی گفت گو کی گئی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب بل کا ڈرافٹ آج موصول ہوا ہے اس پر پارٹی میں تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ احتساب بل کے 80 فیصد مندرجات پر اتفاق ہے لیکن باقی نکات پر تحفظات ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ احتساب بل میں پبلک عہدہ رکھنے والوں کی ریٹائرمنٹ کے تین سال کے بعد مقدمہ نہ بنانے کی شق پر اعتراض ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونو ں راہنماوٴں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سیاستدانوں کی کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ صدر زرداری سے ملاقات میں احتساب بل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواب شاہ ائر پورٹ پر وزیر اعظم،نواز شریف اور رضا ربانی کی علیحدگی میں 20 منٹ تک گفتگو بھی ہوئی۔
read more...

ممبئی حملہ:7 ملزموں پر فرد جرم عائد

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملوں کی سازش میں گرفتار ہونے والے سات ملزمان پر فرد جُرم عائد کر دی ہے اور ملزمان نے صحت جُرم سے انکار کیا ہے جبکہ اجمل قصاب سمیت نو افراد کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔بدھ کے روز انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج اکرم اعوان نے اس مقدمے کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی اور عدالت نے ملزمان کی موجودگی میں اُن پر لگائے جانے والے فرد جُرم کی کاپیاں اُن میں تقسیم کیں۔ جن ملزمان کےخلاف فرد جُرم عائد کی گئی ہے اُن میں مولانا زکی الرحمن لکھوی، شاہد جمیل ریاض،حماد امین صادق، مظہر اقبال، جمیل احمد، عبدالواجد اور یونس انجم شامل ہیں۔ ملزم شاہد جمیل کے وکیل الیاس صدیقی کا کہنا ہے کہ ملزمان پر جو فرد جُرم عائد کی گئی ہے وہ پراسکیوشن کو دی جانے والی تفصیلات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اُن کے موکل کے خلاف لگائی جانے والی فرد جُرم کو چیلنج کریں گے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کی طرف سے ممبئی حملوں کا مرکزی کردار اجمل قصاب کے اقبالی بیان کےخلاف دائر کی جانے والی درخواستوں مسترد کردی ہیں۔ ان درخواستوں میں کہا گیا تھا کہ اجمل قصاب کا بیان بھارت میں لیاگیا ہے جو پاکستانی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔
link...
read more...

غیر اعلانیہ آپریشن:ہزاروں افراد کی نقل مکانی

پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی اور صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں غیر اعلانیہ آپریشن کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ حکومت نے بعض علاقوں میں نقل مکانی کرنے والے افراد کے داخلے پر پابندی بھی عائد کردی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہنگو کے علاقے شاہو خیل میں چار دن پہلے سکیورٹی فورسز نے مشتبہ عسکریت پسندوں کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کی وجہ سے شاہو خیل اور اورکزئی ایجنسی کے بعض علاقوں سے ہزاروں لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پچھلے چند دنوں سے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور بھاری توپ خانے سے شدت پسندوں کے پناہ گاہوں اور مراکز پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے شاہو خیل اور اورکزئی ایجنسی کے علاقوں غلجو، ڈبوری، ماموں زئی، شاہو خیل اور دیگر دیہاتی مقامات پر ہزاروں افراد بے گھر ہوکر محفوظ مقامات کی طرف مننتقل ہو رہے ہیں۔ زیادہ تر بمباری اور شیلنگ میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں عام باشندے بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ شہر مقامات پر بمباری کی وجہ سے مقامی افراد وہاں سے بھاگ رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کو ہنگو شہر اور کوہاٹ کی طرف جانے اور رہنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ان کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ اس علاقے میں بیت اللہ گروپ کے طالبان کا اثررسوخ زیادہ بتایا جاتا ہے۔ یہاں شعیہ سنی فسادات بھی ہوتے رہے ہیں جس کی وجہ سے اہل تشیع یہ علاقہ چھوڑ کر دیگر شہروں میں آباد ہوگئے ہیں۔چند ہفتے قبل یہاں شدت پسندوں نے اہل تشیع کے چالیس سے زائد مقامات کو بم دھماکوں میں تباہ کردیا تھا۔
read more...

اسلام اور پاکستان کو جدا نہیں کیا جاسکتا، جنرل کیان

پشاور : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ کوئی بھی اسلام کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتا۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دورہ پشاور کے دوران شہدا کے لئے دو کروڑ روپے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔ اس موقعے پر آرمی چیف نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے افواج پاکستان اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ جنرل کیانی نے کہا کہ نہ صرف پولیس کو جدید آلات فراہم کئے جائیں گے بلکہ پاک فوج سرحد پولیس کی ٹریننگ میں بھی مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اسلام کے نام پر پاکستان حاصل کیا۔ اور یہ ملک اسی نام سے قائم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ آرمی چیف نے پشاور کے لوگوں کے حوصلے کی تعریف کی۔ اور سرحد کی قربانیوں پر فورس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے سرحد پولیس کو ہر قسم کی تربیت اور ہتھیاروں کی فراہمی کا وعدیٰ کیا۔ اس سے قبل آرمی چیف نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں مختلف بم دہماکوں کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقعے پر آئی جی سرحد ملک نوید نے آرمی چیف کو شیلڈ پیش کی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی پشاور آمد کے موقعے پر کور کمانڈر مسعود اسلم نے ان کا استقبال کیا۔جنرل کیانی کی پشاور آمد کے موقعے پر سیکورٹی ہائی الرٹ کرکے کینٹ ایریاسیل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے
read more...

آغاز حقوق بلوچستان پیکیج

وفاقی حکومت نے آغازِ حقوق بلوچستان پیکیج پارلیمنٹ میں پیش کردیا ہے جس کے تحت بلوچستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کے سوا تمام آپریشن اور نئی چھاؤنیوں کی تعمیر پر پابندی، سوئی سے فوج واپس بلانے، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے عدالتی کمیشن، فرنٹیئر کور اور کوسٹ گارڈز وزیراعلیٰ کے ماتحت، نواب اکبر بگٹی کے قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنے، ڈیرہ بگٹی کے بے گھر افراد کی بحالی کیلئے ایک ارب روپے فراہم، سنگین جرائم میں ملوث افراد کے علاوہ تمام سیاسی کارکنوں کو رہااور جلاوطن رہنماؤں کی واپسی کی سفارشات اور تجاویز دی گئی ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سینیٹر رضا ربانی نے ’آغازِ حقوق بلوچستان‘پیکیج پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پیکیج صوبائی خودمختاری کا متبادل نہیں، وسائل پر صوبوں کا حق تسلیم کرلیا،پیکیج کے تحت صوبے کی ترقی کیلئے انتظامی، سیاسی اور مالیاتی اقدامات کئے جائیں گے، وسائل پر صوبوں کا حق تسلیم کیا گیا ہے جس کیلئے آئینی اصلاحات کمیٹی کی سفارشات پر آئین میں ترمیم کی جائیگی، گوادر میں زمین کی تقسیم کی تحقیقات ہوگی، میگا پراجیکٹس میں گریڈ ایک سے 16 تک کی بھرتیوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے فوری طور پر 5ہزار نئی آسامیوں کا انتظام کریگی، گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں بلوچستان کو 12 سال میں 120 ارب روپے جبکہ ڈیرہ بگٹی کے بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے ایک ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیکیج میں سنگین جرائم میں ملوث افراد کے علاوہ تمام سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائیگا۔ جلاوطن سیاسی رہنماؤں کو وطن واپسی کیلئے سہولیات فراہم کی جائینگی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق کی طرف سے صوبے کو 4 ارب 60 کروڑ روپے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت دیئے گئے ہیں اور 2 ارب 80 کروڑ روپے اوچ کی رائلٹی کیلئے بقایا جات کی مد میں دیئے گئے ہیں، یہ بقایا جات 1995ء سے بقایا تھے جبکہ بلوچستان کے ذمہ اوور ڈرافٹ کے ساڑھے 17 ارب روپے معاف کر دیئے گئے تاہم ہمیں یہ ادراک ہے کہ یہ صوبائی خود مختاری کے متبادل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام سیاسی قیادت سے مذاکرات کا آغاز کیا جائیگا تاکہ ان کو قومی دھارے میں لایا جا سکے۔ انتظامی معاملات کے حوالہ سے رضا ربانی نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے فوری طور پر وفاقی اداروں کے کردار کا جائزہ لیا جانا چاہئے اور دہشت گردی کیخلاف لڑنے کے علاوہ دیگر تمام آپریشن فوری طور پر روک دیئے جانے چاہئیں۔ وفاقی حکومت کو اعلان کرنا چاہئے کہ سوئی کے علاقے سے فوج کو واپس بلائی جائے اور ان کی جگہ ایف سی کے اہلکار تعینات کئے جائیں جو موجودہ حالات میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالہ سے ایک کمیشن تشکیل دیا جانا چاہئے جس کی سربراہی بلوچستان کی اعلیٰ عدالت کے ایک جج کو دی جائے جبکہ اس میں وفاقی وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ شامل ہوں۔ اس کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ ہونا چاہئے۔ لاپتہ افراد کے نام فوری طور پر سامنے لائے جائیں اور جن افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے اور جن پر کوئی الزامات نہیں ہیں ان کو رہا کیا جانا چاہئے ۔ جن افراد پر الزامات ہوں ان کو سات یوم کے اندر اندر عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے، ان افراد کو ان کی مرضی کے وکلا کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ ان کے خاندان کے افراد کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے سیاسی کارکنوں غلام محمد، لالا منیر اور منیر احمد کے قتل کے علاوہ صوبہ میں ٹارگٹ کلنگ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے جبکہ نواب اکبر بگٹی شہید کے قتل کے حقائق جاننے کیلئے سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن قائم کیا جائیگا، فی الوقت صوبہ بلوچستان کے علاقوں سوئی اور کوہلو میں فوجی چھاؤنیاں تعمیر کرنے کا کام روک دیا گیا ہے اور سوئی میں ایف سی کو ڈیوٹی حوالے کرنے کے بعد فوج واپس بلائی جائیگی جبکہ تعمیر شدہ چھاؤنیوں کو بھی ایف سی کے حوالے کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے ”بی“ علاقوں کو ”اے“ علاقوں میں تبدیل کرنے کے فیصلہ کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا جبکہ شہری علاقوں میں ریگولر پولیس تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے سول آرمڈ فورسز کے کردار کے حوالہ سے کہا کہ قانون نافذ کرنے کے سلسلہ میں ایف سی وزیراعلیٰ کے ماتحت کام کرے گی اور اسے کسٹم ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات واپس لئے جائیں گے۔ اس طرح کوسٹ گارڈ سرحدوں اور ساحلی علاقوں میں اسلحہ اور منشیات اسمگلنگ کی نگرانی کا کام کرے گی اور قانون سے ماوراء ان کی قائم کردہ چیک پوسٹوں کو ختم کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی موٴثر نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت اور ایف سی کی طرف سے سرحدوں کی دوبارہ حد بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں اراضی کی الاٹمنٹ کے حوالہ سے اعلیٰ عدلیہ کے ذریعے انکوائری کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلحاظ عہدہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے، بورڈ آف ڈائریکٹرز میں صوبے سے 7 ارکان کو شامل کیا جائے گا جبکہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی نامزدگی صوبائی حکومت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی کے علاقے کے لئے ایک خصوصی ترقیاتی پیکیج پیش کیا جانا چاہیے‘ مسلح افواج کو ایک طریقہ کار کے مطابق علاقے سے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے لئے ملازمت کی پانچ ہزار آسامیاں فوری طور پر پیدا کرے گی‘ سرکاری ملازمت بالخصوص فارن سروس‘ نیم سرکاری‘ خود مختار‘ کارپوریشنوں اور دوسرے اداروں میں ملازمت کے لئے صوبائی کوٹے پر قواعد اور قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تفریق کا ازالہ کیا جائے گا۔ پیکیج کے حوالے سے سفارشات میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت‘ صوبائی حکومت اور دیگر ایسے ادارے اور محکمہ جو ان سفارشات پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہونگے وہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کو ماہانہ بنیادوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر تین ماہ بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ ”آغازِ حقوق بلوچستان پیکیج“ 11 صفحات پر مشتمل ہے جس میں 39 شقیں ہیں‘ آئینی امور سے متعلق تین‘ سیاسی معاملات سے متعلق پانچ اور انتظامی معاملات سے متعلق تیرہ جبکہ اقتصادی اُمور پر شقوں کی تعداد 14ہے۔
link...
read more...